غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا قہر!

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جہاں کئی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 12 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا ہے، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اورنگی ٹاؤن، کورنگی، لیاری اور ماڑی پور میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام پریشان ہیں، جبکہ قائدآباد، ملیر، منگھوپیر، کیماڑی اور سرجانی ٹاؤن میں بھی کئی کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہتی ہے۔

اسی طرح نیو کراچی، لائنز ایریا، سولجر بازار اور گلشن معمار کے مکین بھی طویل بجلی بندش کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔

شہر میں جاری شدید گرمی کے دوران طویل لوڈشیڈنگ نے معمولاتِ زندگی اور کاروباری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے، جبکہ شہریوں نے بجلی کی مسلسل بندش پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب K-Electric کا مؤقف ہے کہ شہر میں 10 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کی بندش بلوں کی عدم ادائیگی اور لائن لاسز کی وجہ سے کی جاتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close