کوکین ڈیلر انمول پنکی سے متعلق تفتیش میں اہم اور سنسنی خیز انکشافات ہوئے ہیں۔
کوکین ڈیلر انمول پنکی سے متعلق سندھ پولیس کی رپورٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ پولیس نے ملزمہ سے مجموعی طور پر 1240 گرام کوکین برآمد کی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزمہ سے برآمد کوکین کے 15 کیپسول کا کُل وزن 300 گرام تھا، دوران کارروائی پنکی سے 930 گرام ایپھیڈرین ہائیڈرو کلورائیڈ بھی برآمد ہوئی۔
ملزمہ سے 500 گرام کیٹامئن ہائیڈرو کلورائیڈ بھی برآمد کی گئی، مزید کارروائی کے دوران 330 گرام کوکین کے کیپسول برآمد ہوئے جبکہ پنکی کے خفیہ ٹھکانے سے 1050 گرام ایسیٹون اور 5240 گرام بیکنگ پاؤڈر برآمد ہوا۔
پولیس کی کارروائی میں ملزمہ سے 10 گولیوں کے ساتھ ایک 9 ایم ایم پستول بھی برآمد کیا گیا جبکہ انمول پنکی کے خلاف کراچی، لاہور، اے این ایف میں مقدمات کی مجموعی تعداد 28 ہے۔
سندھ پولیس کی رپورٹ کے مطابق ملزمہ نے اعتراف کیا کہ کوکین کو زیادہ نشہ آور بنانے کے لیے مختلف کیمیکلز کی ملاوٹ کرتی تھی، ملزمہ واٹس ایپ کے ذریعے آرڈر بک کرتی اور آن لائن رائیڈرز سے سپلائی کرتی تھی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ منشیات سپلائی کے نیٹ ورک میں شامل ملزمہ کے 3 بھائی اور 25 رائیڈرز گرفتار ہوچکے ہیں جبکہ ملزمہ کے مالیاتی نیٹ ورک اور بینک اکاؤنٹس کو ہینڈل کرنے والے ذیشان اور سہیل کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمہ کے زیر استعمال موبائل فون کی اسکریننگ سے 868 فون نمبرز کا ریکارڈ برآمد ہوا ہے، فون بک کے 398 نمبر بند ہیں۔ کراچی کے 310، لاہور 44، اسلام آباد 48 اور کے پی کے 9 نمبرز شامل ہیں، فون بک سے بلوچستان کے 6 نمبرز کا بھی سراغ لگالیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے ملزمہ کے تمام مشکوک بینک ٹرانزیکشنز کی تفتیش شروع کردی ہے، خاندانی پس منظر کے مطابق ملزمہ کے والد نے دو شادیاں کیں اور اس کے 11 بہن بھائی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






