گلگت میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے حامی آمنے سامنے، ہاتھا پائی اور تلخ کلامی

گلگت کے ایک پولنگ اسٹیشن پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے حامیوں کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھ پائی ہوئی ہے۔

گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں سکردو کے حلقہ GBA-9 میں پولنگ کا عمل جاری ہے، تاہم گلگت میں سر سید اسکول پولنگ اسٹیشن کے باہر مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے حامیوں کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے صورتحال پر قابو پا لیا۔

سکردو کے حلقہ GBA-9 (حلقہ 3) میں 8 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں جبکہ مجموعی طور پر 33 ہزار 649 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

الیکشن حکام کے مطابق حلقے میں 54 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 22 کو انتہائی حساس اور 4 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

ووٹرز کے اعداد و شمار کے مطابق حلقے میں 17 ہزار 774 مرد اور 15 ہزار 875 خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ انتخابی عمل کے لیے 12 مردانہ، 12 خواتین اور 30 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پولنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور انتخابی عمل پرامن انداز میں جاری ہے۔
دوسری جانب استور کے عیدگاہ فیمیل پولنگ اسٹیشن پر شدید بدنظمی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، ووٹرز نے انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کر دیے، مبینہ طور پر اپنی مرضی کے ٹھپے لگائے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔متعلقہ انتخابی حکام کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close