خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر تعلیم مینا خان آفریدی کو پشاور ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے ایکس پر واقعے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے لکھا کہ پشاور ہائیکورٹ کی واضح اجازت کے باوجود انہیں ایف آئی اے امیگریشن نے فلائٹ پر سوار ہونے سے روکا۔
صوبائی وزیر بلدیات مینا خان کا کہنا تھا کہ وہ جرمن یونیورسٹی کی خصوصی دعوت پر بیرون ملک جا رہے تھے، جہاں دورے کے دوران کئی اہم سرکاری و تعلیمی معاملات طے کیے جانے تھے۔
انہوں نے ایئرپورٹ پر روکے جانے پر شدید مایوسی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک مقام ہے کہ اب ملک میں ہائیکورٹ کے احکامات کو بھی تسلیم نہیں کیا جا رہا۔
واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے ایک کیس کی سماعت کے دوران صوبائی وزیر مینا خان کو اپنے سرکاری فرائض کے سلسلے میں بیرون ملک دورے کی اجازت دے رکھی تھی۔
دو روز قبل جاری کیے گئے عدالتی حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ مینا خان کا نام پی این آئی ایل میں شامل ہے، انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ان کو جرمنی میں تقریب میں شرکت کی اجازت دی جاتی ہے، درخواست گزار یونیورسٹی تقریب میں شرکت کے بعد 16 جون کو واپس آئیں گے، ایف آئی اے عارضی طور پر درخواست گزار کا نام لسٹ سے نکال دے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






