پاکستان کے تین کھلاڑی 33ویں ایشین جونیئر انفرادی اسکواش چیمپئن شپ 2026 کے مختلف ایونٹس کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں، جس کے بعد پاکستان کے لیے ایک گولڈ اور دو سلور میڈلز یقینی ہو گئے ہیں۔
چین کے شہر پانزیہوا میں جاری ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر پانچ میڈلز اپنے نام کر لیے ہیں، جبکہ دو کھلاڑیوں کو سیمی فائنل میں شکست کے بعد برانز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔
بوائز انڈر 17 ایونٹ میں پاکستان کے نعمان خان نے اپنے ہم وطن محمد عمیر عارف کو سخت مقابلے کے بعد 1-3 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ یہ میچ 54 منٹ تک جاری رہا۔ فائنل میں ان کا مقابلہ بھارت کے سیڈ 5 کھلاڑی شیوان اگروال سے ہوگا۔
بوائز انڈر 15 کیٹیگری میں ٹاپ سیڈ احمد ریان خلیل نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ملائیشیا کے سیل جیولس تان لی ہاؤ کو صرف 20 منٹ میں 0-3 سے شکست دی۔ اسی ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کے سہیل عدنان کو ملائیشیا کے دھوران روتھیران کے ہاتھوں سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست ہوئی۔ فائنل میں اب احمد ریان خلیل کا مقابلہ دھوران روتھیران سے ہوگا۔
گرلز انڈر 15 ایونٹ میں پاکستان کی ماہ نور علی نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ہانگ کانگ کی ٹانگ چنگ سم کو 1-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ فائنل میں ان کا مقابلہ ٹاپ سیڈ ہانگ کانگ کی زی یوان سے ہوگا۔
واضح رہے کہ ماہ نور علی نے گزشتہ سال بھی ایشین جونیئر چیمپئن شپ میں گرلز انڈر 13 کا فائنل کھیل کر سلور میڈل حاصل کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






