غزہ کے شمالی علاقے میں اسرائیل کے فضائی حملے میں حماس سے وابستہ پولیس کے 5 اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق الشفا اسپتال کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حملے کے بعد اسپتال میں 5 لاشیں منتقل کی گئیں جن کی شناخت پولیس اہلکاروں کے طور پر ہوئی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ترجمان حماس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ایک پولیس چوکی کو نشانہ بنایا جہاں حملے کے وقت 10 سے زائد اہلکار اپنی ڈیوٹی پر موجود تھے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کا ہدف حماس کے وہ پولیس اہلکار تھے جو ان کے مطابق اسرائیل پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔
ادھر غزہ میں جاری صورتحال کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ امریکی صدر کے تجویز کردہ غزہ پیس بورڈ کے قیام کے باوجود مختلف علاقوں میں فضائی حملوں اور جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک بڑے پیمانے پر جانی نقصان رپورٹ ہوا ہے، جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






