پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ایران کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور حتمی سمجھوتے کے حوالے سے حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کا مختصر اور انتہائی مؤثر دورہ ایران مکمل ہو گیا ہے۔ اس دورے کے دوران ان کی ایرانی قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں، جو 8 اپریل کی جنگ بندی کے بعد خطے میں موجود کشیدگی میں کمی اور تعمیری مذاکرات کے فروغ کے لیے جاری ثالثی کوششوں کا حصہ تھیں۔
بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں خطے میں امن و استحکام کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے جاری مشاورتی عمل کو آگے بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں اور ان کے نتیجے میں ثالثی کے عمل کو آگے بڑھانے میں معنی خیز کردار ادا ہوا، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی بھرپور بات چیت کے نتیجے میں حتمی سمجھوتے کی سمت حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایرانی قیادت نے خطے کے مسائل کے پرامن حل اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایران آمد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے کیا۔
واضح رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں گزشتہ روز ایران پہنچے تھے، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






