سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ کے دوران محمد عباس نے میزبان کپتان نجم الحسین شنٹو کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کر بیرونِ ملک ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کر لیں۔
محمد عباس نے اس سے قبل بنگلا دیش کے دونوں اوپنرز محمود الحسن اور تنزاد حسن کو بھی پویلین کی راہ دکھائی تھی، اور تیسری وکٹ حاصل کرنے کے بعد وہ بیرونِ ملک 100 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پاکستان کے چھٹے فاسٹ بولر بن گئے۔
اس سے قبل اس فہرست میں وسیم اکرم، وقار یونس، عمران خان، محمد عامر اور عمر گل شامل ہیں۔
36 سالہ محمد عباس نے 2017 میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک 51 اننگز میں 109 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جن میں سے صرف 9 وکٹیں پاکستان کی سرزمین پر حاصل کیں جبکہ باقی تمام وکٹیں غیر ملکی سرزمین پر حاصل کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی انہوں نے پاکستان کو شاندار آغاز فراہم کیا اور میچ کی دوسری ہی گیند پر محمود الحسن کو آؤٹ کیا، جس کے بعد تنزاد حسن کی وکٹ حاصل کر کے بنگلا دیش کی ابتدائی مزاحمت بھی ختم کر دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






