بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں قاسم اور سلمان کو بڑی آفر کر دی گئی

حکومتی سینیٹر ناصر بٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان کو پاکستان آنے کی پیشکش کر دی ہے۔

لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر بٹ نے کہا کہ عمران خان کے بیٹے ان کے ساتھ پاکستان آئیں، انہیں کسی قسم کی گرفتاری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

انہوں نے قاسم اور سلیمان کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا طرزِ عمل پاکستان کے خلاف تاثر پیدا کر رہا ہے، اور اس حوالے سے قانونی کارروائی بھی ہونی چاہیے۔

ناصر بٹ کا کہنا تھا کہ دونوں کے پاس نائیکوپ کارڈ موجود ہے، اس لیے وہ پاکستان آ سکتے ہیں، تاہم ان کے مطابق عمران خان کے بیٹے خود پاکستان آنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بہتری کے آثار سامنے آ رہے ہیں، لیکن بعض سیاسی عناصر اس پر خوش نہیں ہوتے۔ انہوں نے پی آئی اے کی پروازوں کی لندن واپسی کو مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ ماضی میں ایک بیان کے باعث ایئر لائن کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close