عید سے پہلے سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری

کراچی: عیدالفطر میں اب تقریباً 10 دن باقی رہ گئے ہیں اور اس بڑے تہوار سے قبل سرکاری ملازمین کے لیے ایک اہم خوشخبری سامنے آئی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ملازمین اور پنشنرز کو عید سے پہلے مالی ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

رمضان المبارک کے بعد عیدالفطر مسلمانوں کا سب سے بڑا اور خوشیوں بھرا تہوار ہوتا ہے، جسے ہر شخص اپنے اہل خانہ کے ساتھ بھرپور انداز میں منانا چاہتا ہے۔ اسی خوشی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وفاق، پنجاب اور سندھ کے تمام سرکاری حاضر سروس ملازمین اور ریٹائرڈ پنشنرز کو مارچ کی تنخواہ، پنشن اور دیگر الاؤنسز عیدالفطر سے قبل ادا کیے جائیں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تمام مسلم سرکاری ملازمین اور پنشنرز، جن میں ورک چارجڈ اور کنٹیجینٹ پیڈ اسٹاف بھی شامل ہیں، کو 16 مارچ 2026 کو مکمل تنخواہ، پنشن اور الاؤنسز ادا کر دیے جائیں گے۔ متعلقہ حکام نے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ پے رول اور پنشن سے متعلق تمام کارروائیاں بروقت مکمل کریں تاکہ عید کی تعطیلات سے پہلے ملازمین اور پنشنرز کے اکاؤنٹس میں رقم منتقل ہو سکے۔

واضح رہے کہ ماہرین کی جانب سے پیشگوئی کی گئی ہے کہ اس سال پاکستان میں 30 روزے مکمل ہونے کا امکان ہے اور عیدالفطر ہفتہ 21 مارچ کو منائی جا سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close