قومی اسمبلی نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا، کون سا ؟ جانئے

اسلام آباد: پلڈاٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی نے اپنے دوسرے پارلیمانی سال میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

پلڈاٹ نے قومی اسمبلی کے دوسرے پارلیمانی سال سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا کہ اس سال قومی اسمبلی نے قانون سازی کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ پلڈاٹ کے مطابق موجودہ اسمبلی نے قانون سازی کے حوالے سے حالیہ برسوں کی تمام اسمبلیوں سے زیادہ کارکردگی دکھائی اور آرڈیننس پر انحصار بھی نسبتاً کم رہا۔ اراکین اسمبلی کے اثاثے خفیہ رکھنے سے متعلق ایک نیا قانون بھی منظور کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 16ویں قومی اسمبلی کا دوسرا پارلیمانی سال یکم مارچ 2025 سے 28 فروری 2026 تک جاری رہا۔ اس دوران اسمبلی نے 231 گھنٹے کام کیا جو حالیہ برسوں میں سب سے زیادہ ہے، جبکہ گزشتہ پارلیمانی سال میں اسمبلی نے 193 گھنٹے کام کیا تھا۔

دوسرے پارلیمانی سال میں کل 84 اجلاس بلائے گئے، جبکہ پہلے سال میں 93 اجلاس ہوئے تھے۔ اس طرح اجلاسوں کی تعداد میں 9.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر کا عہدہ پانچ ماہ تک خالی رہا۔ اجلاسوں کے دوران 19 مرتبہ کورم کی نشاندہی کی گئی، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے 84 میں سے صرف 6 اجلاسوں میں شرکت کی۔

دوسرے پارلیمانی سال میں اراکین کی تقاریر کے حوالے سے وزیر دفاع خواجہ آصف سب سے زیادہ بولنے والے رکن رہے، جبکہ طارق فضل چوہدری، بلاول بھٹو زرداری، عمر ایوب خان اور گوہر علی خان نے بھی طویل تقاریر کیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close