کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی کراچی سے جدہ جانے والی پرواز غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوگئی، جس کے باعث مسافروں کو کئی گھنٹے ایئرپورٹ پر انتظار کرنا پڑا اور انہوں نے افطار بھی لاؤنج میں ہی کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پرواز پی کے 831 کو شام 6 بجے جدہ روانہ ہونا تھا، تاہم پانچ گھنٹے گزرنے کے باوجود طیارہ اڑان نہ بھر سکا۔ مسافر کراچی ایئرپورٹ کے لاؤنج میں موجود رہے اور روانگی کے نئے وقت کے منتظر دکھائی دیے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں افطار تو کروایا گیا، لیکن باقاعدہ کھانے کا انتظام نہیں کیا گیا۔ ایک مسافر نے شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے درست اور واضح معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ پہلے روانگی کا وقت رات 11 بجے بتایا گیا، بعد ازاں اسے تبدیل کر کے رات 1 بجے کر دیا گیا۔
پی آئی اے حکام کے مطابق پرواز میں تاخیر طیارے کی روٹیشن کی وجہ سے ہوئی۔ جدہ جانے والی پرواز کے لیے طیارہ کینیڈا سے کراچی پہنچنا تھا، جس میں تاخیر کے باعث شیڈول متاثر ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کو جلد از جلد روانہ کرنے کے لیے متبادل طیارے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






