مسافر بس دریا میں جا گری، بڑا جانی نقصان

نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کی طرف جانے والی ایک بس پیر کی صبح ہمالیہ کے پہاڑی راستے میں حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے، جبکہ ہلاک ہونے والوں میں ایک برطانوی شہری بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق بس سیاحتی شہر پوکھرا سے کھٹمنڈو کی جانب جا رہی تھی جب آدھی رات کے بعد یہ بس پرتھوی ہائی وے سے پھسل گئی۔ بس پہاڑی ڈھلوان سے نیچے گرتے ہوئے تریشولی ندی کے کنارے واقع بینگھٹ کے مقام پر جا پہنچی جو دارالحکومت سے تقریباً 80 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔

حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں 24 سالہ برطانوی شہری بھی شامل ہے اور اب تک صرف 9 لاشوں کی شناخت ہو سکی ہے۔ زخمیوں میں ایک چینی شہری بھی شامل ہے جس کا علاج نیشنل ٹراما سینٹر کھٹمنڈو میں جاری ہے جبکہ 27 سالہ نیوزی لینڈ کی شہری کو معمولی چوٹیں آئیں اور وہ مقامی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ ژون ہوا نیوز ایجنسی نے چین کے سفارتخانے کے حوالے سے بتایا کہ ایک اور چینی شہری ابھی تک لاپتہ ہے۔

انتظامی افسر موہن پراساد نیوپانے نے کہا کہ حادثے کے بعد فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور بس کے ملبے سے زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حادثے کے مقام کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے تاکہ امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ نہ آئے۔ نیپال کے پہاڑی علاقوں میں بس حادثات عام ہیں، خاص طور پر آدھی رات کے بعد جب تنگ اور خطرناک راستوں پر سفر زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔ حکام نے بس سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات مزید سخت کریں اور بسوں کی باقاعدہ دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close