وزیر اعظم الیکٹرک گاڑی اسکیم 2026! جانیں اہلیت و اپلائی کرنے کا مکمل طریقہ

حکومت پاکستان نے ملک بھر میں سستی، ماحول دوست اور ایندھن بچانے والی ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے وزیراعظم الیکٹرک بائیک اور رکشہ اسکیم 2026 کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ منصوبہ نیو انرجی وہیکل پالیسی 2030–2026 کے تحت شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد روزمرہ استعمال کی ٹرانسپورٹ کو ماحول دوست بنانا اور شہریوں کے اخراجات میں کمی لانا ہے۔ اسکیم کے تحت بجلی سے چلنے والی موٹر سائیکلوں، الیکٹرک رکشوں اور تین پہیوں والی گاڑیوں کو سبسڈی کے ذریعے عام لوگوں تک پہنچایا جائے گا تاکہ پیٹرول اور ڈیزل پر انحصار کم ہو اور شہروں میں فضائی آلودگی میں کمی آئے۔

اس پروگرام پر 2026 سے 2027 تک عمل درآمد کیا جائے گا اور یہ پورے ملک میں دستیاب ہوگا۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے سبسڈی کی فراہمی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائے گی تاکہ تمام درخواست گزاروں کو مساوی مواقع مل سکیں۔

اس اسکیم کے تحت الیکٹرک موٹر سائیکلوں کی 40 ہزار یونٹس فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جن پر 80 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی۔ یہ سہولت طلبا، خواتین اور ڈیلیوری رائیڈرز کے لیے دستیاب ہوگی اور اس کے لیے لائسنس کی شرط لازمی نہیں ہوگی۔

الیکٹرک رکشوں کی ایک ہزار یونٹس کے لیے 2 لاکھ 90 ہزار روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی تاہم اس کے لیے ڈرائیونگ لائسنس ضروری ہوگا۔ اسی طرح الیکٹرک تین پہیوں والی ایک ہزار گاڑیوں پر 8 لاکھ 80 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی اور اس کے لیے بھی ڈرائیونگ لائسنس کی شرط ہوگی۔ یہ سہولت دکانداروں، چھوٹے ٹرانسپورٹرز اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کے لیے بھی مفید ہوگی۔

اس اسکیم سے شہریوں کو الیکٹرک گاڑیاں خریدنے سے قبل مالی سہولت ملے گی اور آسان اقساط کے ذریعے ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

درخواست دینے کے لیے ضروری ہے کہ امیدوار پاکستان کا شہری ہو اور اس کے پاس درست قومی شناختی کارڈ موجود ہو۔ درخواست گزار کی عمر کم از کم 18 سال ہونا لازمی ہے۔ الیکٹرک رکشہ یا تین پہیوں والی گاڑی کے لیے ڈرائیونگ لائسنس درکار ہوگا جبکہ الیکٹرک موٹر سائیکل کے لیے عمومی لائسنس کی شرط نہیں رکھی گئی۔

درخواستیں صرف سرکاری آن لائن پورٹل pave.gov.pk کے ذریعے جمع کرائی جا سکیں گی۔ درخواست جمع ہونے کے بعد کامیاب امیدواروں کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا اور منتخب افراد کو ایس ایم ایس یا پورٹل اپ ڈیٹ کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔

اس اسکیم کے فوائد میں پیٹرول اور ڈیزل کے اخراجات میں کمی، فضائی آلودگی میں کمی اور طلبا، خواتین، کم آمدنی والے خاندانوں اور چھوٹے کاروباری افراد کے لیے جدید ٹرانسپورٹ تک رسائی شامل ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رجسٹریشن کے لیے سرکاری پورٹل کا استعمال کریں اور مطلوبہ دستاویزات پہلے سے تیار رکھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close