اسلام آباد: سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل میں فراہم کی جانے والی سہولتوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جمع کرائی گئی رپورٹ کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا کمپاؤنڈ سات سیلز پر مشتمل ہے، جس کے سامنے 57 فٹ لمبی اور 14 فٹ چوڑی راہداری موجود ہے، جبکہ کمپاؤنڈ سے ملحق ایک لان بھی ہے جہاں وہ کتابیں پڑھتے، اخبارات دیکھتے اور دھوپ سیکتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمپاؤنڈ میں 30 سے 35 قیدیوں کی گنجائش ہے اور ورزش کے لیے سائیکلنگ مشین سمیت جم کا سامان بھی فراہم کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ناشتے میں کھجور، اخروٹ، شہد، کافی، دلیہ، لسی، گرم دودھ، چیا سیڈز اور پھلوں کا جوس شامل ہوتا ہے۔ دوپہر کے کھانے میں دیسی مرغی، مٹن، سلاد، اچار، آلو چپس، انڈہ فرائی اور مکس دال فراہم کی جاتی ہے، جبکہ شام کے وقت بادام، کشمش، ناریل پاؤڈر، دودھ، کھجور، کیلا اور سیب کا شیک دیا جاتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






