کوئٹہ: بلوچستان کے جنوبی اضلاع اور سندھ کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز خضدار سے 86 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا، جبکہ گہرائی زمین کے اندر بتائی گئی۔ خضدار، نصیر آباد، شہداد کوٹ اور قریبی علاقوں میں جھٹکے واضح طور پر محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے دوران لوگ کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ سندھ کے شہروں لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، نوشہرو فیروز، کنڈیارو، ہالانی اور محراب پور میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا۔ جھٹکوں کا دورانیہ تقریباً 10 سے 15 سیکنڈ بتایا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اسلام آباد، گردونواح، گلگت بلتستان، پشاور اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اس وقت زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی تھی اور گہرائی 10 کلومیٹر بتائی گئی تھی، جبکہ محکمۂ موسمیات کے مطابق زلزلہ صبح 11 بج کر 21 منٹ پر آیا تھا، جس کا مرکز شمال مغربی کشمیر کا پہاڑی علاقہ تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






