وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اعلان: ہنرمند نوجوانوں کو پرواز کارڈ کے ذریعے 3 لاکھ روپے بلاسود فراہم کیے جائیں گے
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پرواز کارڈ، راہ روزگار اور اسکل ڈیولپمنٹ پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف اور سہولت کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرواز کارڈ کے ذریعے ہنرمند نوجوانوں کو 3 لاکھ روپے بلاسود فراہم کیے جائیں گے اور رقوم کی فراہمی میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ 50 ہزار ہنرمند نوجوانوں کو پرواز کارڈ جاری کیے جائیں گے تاکہ کوئی بھی نوجوان وسائل کی کمی کی وجہ سے پیچھے نہ رہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، اور چیف منسٹر اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت 2 لاکھ بچوں کو تربیت دی گئی جبکہ ایک ہزار بچوں کو گارمنٹس کے شعبے میں روزگار بھی فراہم کیا گیا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں، ای کامرس کے ذریعے بھی نوجوان باعزت روزگار حاصل کر رہے ہیں، اور صوبے کے تمام وسائل عوام کی خدمت پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موبائل پولیس اسٹیشن عوام کے مسائل کو گھروں کی دہلیز پر حل کر رہے ہیں اور ہنر یافتہ افرادی قوت کی طلب دنیا بھر میں ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صرف تربیت فراہم کی جائے تو ہمارے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا لوہا دنیا بھر میں منوا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






