سکولوں کے نئے اوقات کار جاری

محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں کے لیے نئے اوقاتِ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جن کا اطلاق 19 جنوری سے 15 اپریل 2026 تک ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ سکولوں میں پیر سے جمعرات تک تدریسی عمل صبح 10 بجے شروع ہو کر دوپہر 2 بج کر 15 منٹ تک جاری رہے گا، جبکہ جمعہ کے روز کلاسز کا وقت صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک مقرر کیا گیا ہے۔ اسی دوران ملک میں مغربی ہواؤں کی آمد کے باعث بارش اور برفباری کی پیشگوئی بھی سامنے آئی ہے۔

ڈبل شفٹ سکولوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مارننگ شفٹ کے اوقات صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ہوں گے، جبکہ آفٹر نون شفٹ دوپہر 2 بج کر 15 منٹ سے شام 4 بج کر 45 منٹ تک کام کرے گی۔ اساتذہ کے لیے پیر سے جمعرات تک کے اوقات میں نصابی تیاری، تربیتی سرگرمیاں اور سی پی ڈی (CPD) شامل کی گئی ہیں اور ان کے لیے تربیت و نصابی سرگرمیوں میں شرکت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اساتذہ کی حاضری متبادل ہفتے (Alternate Saturday) پر بھی ضروری ہوگی تاکہ تدریسی اور نصابی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق ان نئے اوقاتِ کار کا مقصد طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کو زیادہ مؤثر اور متوازن بنانا ہے، جبکہ اساتذہ کو نصابی تیاری اور پیشہ ورانہ تربیت کے بھرپور مواقع فراہم کرنا ہے۔ حکام کو توقع ہے کہ اس اقدام سے تعلیمی معیار بلند ہوگا اور طلبہ کی سیکھنے کی استعداد میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔ تمام تعلیمی اداروں کو ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close