سرگودھا: انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر سمیت 51 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
دنیا نیوز کے مطابق، یہ اقدام 9 مئی کو میانوالی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کی سماعت کے دوران اُٹھایا گیا، جہاں کوئی بھی ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوا۔
عدالت نے عدم پیشی پر احمد خان بھچر، بلال اعجاز اور احمد چٹھہ سمیت دیگر ملزمان کے وارنٹس جاری کر دیے۔ جبکہ بارہا طلبی کے باوجود حاضر نہ ہونے پر عمر ایوب کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 29 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کر دیے، جبکہ 9 مئی کے دیگر چار مقدمات میں گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔
واضح رہے کہ جوڈیشل کمپلیکس میانوالی میں 9 مئی کو پیش آنے والے واقعے پر 57 نامزد اور 150 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں