ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ان کے مطابق ٹورنامنٹ 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں منعقد کیا جائے گا۔ تاہم، میچز کا مکمل شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔
قبل ازیں کرکٹ ویب سائٹ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایشیا کپ سے متعلق تمام معاملات طے پا چکے ہیں اور ٹورنامنٹ کا مکمل شیڈول اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں سامنے آ سکتا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے شیڈول کے حتمی اعلان کے لیے کچھ مزید وقت مانگا تھا۔
ذرائع کے مطابق ایشیا کپ 2025 میں کل 8 ٹیمیں شرکت کریں گی، جبکہ اس کی مجوزہ ونڈو 10 سے 28 ستمبر کے درمیان رکھی گئی تھی، جسے اب باقاعدہ طور پر 9 سے 28 ستمبر کر دیا گیا ہے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ایشیا کپ 2025 کی میزبانی کا حق ابتدا میں بھارت کے پاس تھا، مگر بھارتی ٹیم کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان نہ آنے کے فیصلے کے بعد پاکستان نے بھی بھارت کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا، جس کے نتیجے میں ایشیا کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات کو منتقل کر دی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں