زلزلہ کے جھٹکے ، خوف و ہراس پھیل گیا

ایران کے بعد روس بھی زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھا، جس کے باعث عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ جرمن ریسرچ سینٹر فار جیوسائنسز (GFZ) کے مطابق، اتوار کے روز روس کے مشرق بعید میں کامچاٹکا کے ساحل کے قریب 6.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ ابتدائی طور پر زلزلے کی شدت 6.2 بتائی گئی تھی، جسے بعد ازاں 6.6 کر دیا گیا۔ زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر (6.21 میل) تھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماسکو میں بھی ایک گھنٹے کے دوران زلزلے کے چار جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں مزید خوف پھیل گیا۔ امریکی محکمہ موسمیات نے ممکنہ سونامی کے خطرے کے پیش نظر وارننگ بھی جاری کر دی ہے۔

اسی روز شمالی ایران میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ زمین کی 10 کلومیٹر گہرائی میں آیا، جس کا مرکز قریہ قرن‌آباد کے مشرق میں 31 کلومیٹر اور گرگان شہر سے 46 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔ گرگان کی آبادی 2 لاکھ 44 ہزار سے زائد ہے۔

تاحال دونوں ممالک میں کسی جانی نقصان یا عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مقامی انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے اور نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ ماہرین نے آفٹر شاکس کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close