قومی اسمبلی کی کارروائی کو دنیا بھر میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے بھرپور پذیرائی ملنے لگی ہے، جبکہ یوٹیوب چینل سے اب تک ایک ہزار ڈالرز کی آمدنی بھی حاصل کی جا چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خاص طور پر یوٹیوب چینل کو بھارتی ناظرین کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی حاصل ہوئی ہے۔ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران صرف دو ماہ میں اسمبلی کے یوٹیوب چینل پر 61 لاکھ سے زائد ویوز آئے، جن میں سے 84 فیصد ویوز بھارت سے ریکارڈ کیے گئے۔
بھارتی عوام نے نہ صرف قومی اسمبلی کی کارروائی کو دلچسپی سے دیکھا بلکہ لائیو سیشنز کو بھی مسلسل فالو کیا۔ ایک سال قبل قومی اسمبلی کا یوٹیوب چینل اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میڈیا ڈائریکٹوریٹ کے سپرد کیے گئے تھے، جس کے بعد ان پلیٹ فارمز کو منظم انداز میں چلایا جا رہا ہے۔
یوٹیوب سبسکرائبرز کی تعداد بھی نمایاں طور پر بڑھی ہے، جو 2,500 سے بڑھ کر اب 39,000 تک پہنچ چکی ہے۔ چینل مونیٹائز ہونے کے بعد اب تک اس سے ایک ہزار امریکی ڈالرز کی آمدنی حاصل ہو چکی ہے، جو ڈیجیٹل کامیابی کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں