بھارت کے 3 اہم کھلاڑیوں کا پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار

بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دوران پاکستان چیمپئنز اور انڈیا چیمپئنز کے درمیان شیڈول میچ میں بھارتی ٹیم کے تین اہم کھلاڑیوں نے کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق انڈیا چیمپئنز کے عرفان پٹھان، یوسف پٹھان اور ہربھجن سنگھ نے پاکستان کے ساتھ موجودہ کشیدہ حالات کا حوالہ دیتے ہوئے میچ کھیلنے پر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان تینوں کھلاڑیوں کو میچ میں شرکت کے لیے منانے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم ان کے انکار نے دیگر بھارتی کھلاڑیوں کو بھی شش و پنج میں مبتلا کر دیا ہے۔

پاکستان چیمپئنز اور انڈیا چیمپئنز کے درمیان یہ اہم میچ 20 جولائی کو شیڈول ہے، جو پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے بھارتی میڈیا کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہد آفریدی انجری کے باعث پہلے ہی ٹیم سے باہر ہیں اور بھارتی ٹیم کی جانب سے تاحال کوئی شکایت یا باضابطہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ مینجمنٹ کے مطابق بھارت کی طرف سے نہ تو کسی تحریری شکایت دی گئی ہے اور نہ ہی میچ میں شرکت سے انکار کی کوئی اطلاع ملی ہے۔

پاکستان چیمپئنز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیم شیڈول کے مطابق 20 جولائی کو انڈیا چیمپئنز کے خلاف میچ کھیلے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close