پشاور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے تھانہ بڈھ بیر کے ایس ایچ او کے خلاف دائمی وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے سی سی پی او کو حکم دیا ہے کہ مذکورہ ایس ایچ او کو مفروروں کی فہرست میں شامل کیا جائے اور اس فیصلے کی نقل سی سی پی او کو ارسال کی جائے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق، 21 جون کو ایس ایچ او کو ایک شہری کو سپرداری پر گاڑی واپس کرنے کا حکم دیا گیا تھا، لیکن وہ حکم اب تک نافذ نہیں کیا گیا۔ عدالت نے اس معاملے پر کئی بار مختلف قانونی دفعات کے تحت نوٹسز بھی جاری کیے، تاہم ایس ایچ او نے صرف تحریری جواب داخل کیا کہ گاڑی کی انکوائری جاری ہے۔
عدالت نے فیصلے میں واضح کیا کہ ایس ایچ او نہ صرف عدالتی احکامات کی تعمیل میں ناکام رہے بلکہ سماعت کے دوران بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالتی حکم عدولی پر ان کے خلاف دفعہ 512 کے تحت قانونی کارروائی کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں