بالی ووڈ کے نامور اداکار اجے دیوگن کی کامیڈی ڈرامہ فلم سن آف سردار 2 کی ریلیز کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم اب 25 جولائی کے بجائے 1 اگست 2025 کو دنیا بھر کے سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم کے میکرز نے انسٹاگرام پر اس تبدیلی کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا:
“جسی پاجی اور ٹولی سے اب 1 اگست 2025 کو ملاقات ہوگی!”
معروف بھارتی ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ کے مطابق فلم کی ریلیز میں تاخیر کی وجہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی رومانوی میوزیکل فلم سیارا کی زبردست کامیابی بنی ہے، جس نے ریلیز کے پہلے دن ہی 20 کروڑ روپے کا غیر متوقع بزنس کیا۔ نئے چہروں پر مشتمل اس فلم کی کامیابی کو بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
فلم سیارا، جس میں نوآموز اداکار آہان پانڈے اور انیت پڈا نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، 18 جولائی کو ریلیز ہوئی اور اسے نہ صرف شاندار ریویوز ملے بلکہ ویک اینڈ پر بھی مضبوط بزنس کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔ فلم کی ہدایتکاری مشہور ڈائریکٹر مہیت سوری نے کی ہے جبکہ اسے یش راج فلمز نے پروڈیوس کیا ہے۔
سن آف سردار 2 کی ریلیز مؤخر کرنے کا مقصد دونوں فلموں کو باکس آفس پر بھرپور موقع دینا ہے تاکہ ایک فلم کا بزنس دوسری پر اثر انداز نہ ہو۔
تاہم، اب اجے دیوگن کی فلم کا مقابلہ دھڑک 2 سے ہوگا، جو کہ 2018 کی سپر ہٹ فلم دھڑک کا اسپرچوئل سیکوئل ہے۔ دھڑک 2 میں سدھانت چترویدی اور تریپتی ڈمری مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے، اور یہ فلم ایک نوجوان جوڑے کی معاشرتی بندشوں میں جکڑی محبت کی دل کو چھو لینے والی کہانی بیان کرے گی۔
فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ دونوں فلموں کے درمیان باکس آفس پر سخت مقابلہ متوقع ہے، تاہم اجے دیوگن کی موجودگی اور مضبوط کہانی سن آف سردار 2 کو نمایاں کامیابی دلانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں