معروف ولاگر کا سوشل میڈیا سے کنارہ کشی کا اعلان

سوشل میڈیا پر مقبول یوٹیوبر رجب بٹ حالیہ تنازع کے بعد ملک سے روانہ ہو چکے ہیں اور انہوں نے وی لاگنگ سے وقتی طور پر وقفہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

رجب بٹ اس وقت پاکستان میں مختلف قانونی مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، جن میں مذہبی حساسیت پر مبنی مواد کی اشاعت کا الزام بھی شامل ہے۔ اسی سلسلے میں لاہور ہائی کورٹ میں ان کے خلاف درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔ اگرچہ انہوں نے اپنی موجودہ لوکیشن ظاہر نہیں کی، لیکن حالیہ ٹک ٹاک لائیو سیشن میں دبئی اور پاکستان کے وقت کا موازنہ کرتے ہوئے بیرون ملک موجودگی کا اشارہ دیا۔

رجب بٹ نے واضح کیا کہ جب تک ان کی والدہ کی مکمل رضامندی حاصل نہیں ہوتی، وہ کوئی نیا وی لاگ اپلوڈ نہیں کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ موجودہ صورتحال کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور اسی وجہ سے ان کی حفاظت کو مقدم رکھتے ہوئے خود انہیں ایئرپورٹ پر الوداع کہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ وی لاگنگ کو ہمیشہ کے لیے نہیں چھوڑ رہے، بلکہ حالات بہتر ہونے تک عارضی طور پر سرگرمیاں روک رہے ہیں۔ رجب بٹ کے مطابق، وہ پہلے ہی وضاحتی نوعیت کی چند ویڈیوز ریکارڈ کر چکے ہیں، جنہیں مناسب وقت پر جاری کیا جائے گا۔

یوٹیوبر نے یہ بھی بتایا کہ وہ ٹک ٹاک پر لائیو سیشنز کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور اپنے مداحوں سے صبر، تحمل اور حمایت کی اپیل کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close