پیٹرول اور ڈیزل پر چلنے والی گاڑیوں کے مالکان کےلئے بری خبر

نئے مالی سال 2025-26 کے بجٹ کے لیے اہم ٹیکس تجاویز مرتب کر لی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے پیٹرول اور ڈیزل پر چلنے والی گاڑیوں پر آئندہ پانچ سال کے لیے لیوی عائد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس سے سالانہ 24 ارب اور پانچ سال میں 122 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہونے کی توقع ہے۔ یہ لیوی درآمدی اور مقامی طور پر تیار کردہ تمام گاڑیوں پر لاگو ہوگی، اور اس سے حاصل ہونے والی رقم نئی پانچ سالہ الیکٹرک وہیکل پالیسی 2026-30 پر خرچ کی جائے گی۔

مزید یہ کہ حکومت نے لیپ ٹاپس اور اسمارٹ فونز کے بیٹری اور چارجرز کی مقامی پیداوار کے لیے مراعات دینے کی بھی تجویز دی ہے، تاکہ مقامی صنعت کو فروغ دیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں ایک “ای وی فنڈ” قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جا سکے۔

آئی ایم ایف کی مشاورت سے مختلف معاشی اہداف بھی طے کر لیے گئے ہیں، جن کے مطابق آئندہ مالی سال میں اقتصادی ترقی کا ہدف 4.2 فیصد، مہنگائی کا ہدف 7.5 فیصد، زرعی شعبے کی ترقی کا ہدف 4.5 فیصد، صنعتی شعبہ 4.4 فیصد اور سروسز سیکٹر کی شرح نمو 4 فیصد مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ آئی ایم ایف نے مالی اور مانیٹری پالیسیوں میں سختی برقرار رکھنے پر بھی زور دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close