بجلی کے 200 سے 400 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے اہم خبر

لاہور: بجلی کے 200 سے 400 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے خوشخبری آ گئی ہے، مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی نے حکومت سے اہم مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے پیر اشرف رسول نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں بجلی کے بلوں میں فوری اصلاحات کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ عوامی خدشات کا ازالہ کیا جا سکے۔

اپنے خط میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ کم آمدنی والے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سستے یونٹس کی حد 200 سے بڑھا کر 400 کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف بجلی کے ڈیفالٹ میں کمی آئے گی بلکہ عوامی بے چینی بھی کم ہو گی۔

پیر اشرف رسول نے یہ سفارش بھی کی کہ نیپرا اور ڈسکوز کو ہدایت دی جائے کہ بلنگ سے متعلق شکایات پر فوری اور مؤثر کارروائی کریں تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔

انہوں نے زور دیا کہ توانائی کی قیمتوں میں کمی سے صارفین کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا، اور اس کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے ماحول میں بھی بہتری آئے گی۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں بھی اس مسئلے کو اٹھایا گیا۔ اجلاس میں 200 اور 201 یونٹ کے بلوں میں نمایاں فرق پر سوال اٹھایا گیا کہ 200 یونٹ تک بل تقریباً 5000 روپے ہوتا ہے لیکن جیسے ہی ایک یونٹ بڑھ کر 201 ہوتا ہے، بل 15 ہزار روپے تک پہنچ جاتا ہے۔

رکن اسمبلی رانا سکندر حیات نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ صرف ایک یونٹ بڑھنے سے صارف اگلے چھ ماہ کے لیے “پروٹیکٹڈ” کیٹیگری سے خارج ہو جاتا ہے، جو ناانصافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پروٹیکشن ہٹانی ہی ہے تو کم از کم صرف اسی مہینے کے لیے ہو، نہ کہ پورے چھ ماہ کے لیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close