معروف بھارتی اداکارہ انتقال کرگئیں

جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کی ممتاز اداکارہ بی سروجہ دیوی 87 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد بنگلورو کے علاقے ملیشورم میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئیں۔

سروجہ دیوی نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1950 کی دہائی کے وسط میں کیا اور تامل، تیلگو، کنڑا اور ہندی زبانوں کی فلموں میں اپنی بہترین اداکاری کے باعث بے پناہ شہرت حاصل کی۔ وہ معروف تامل اداکاروں ایم جی رام چندرن، شیواجی گنیشن اور این ٹی راما راؤ کے ساتھ کئی مشہور فلموں میں جلوہ گر ہوئیں۔

ان کا فلمی سفر 1955 میں کنڑا زبان کی فلم مہا کاوی کالیداسا سے شروع ہوا، اور 1984 تک انہوں نے 160 سے زائد فلموں میں مرکزی کردار ادا کیے۔ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں حکومتِ بھارت نے 1969 میں انہیں پدم شری اور 1992 میں پدم بھوشن جیسے اعلیٰ سول ایوارڈز سے نوازا۔

بی سروجہ دیوی کے انتقال پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت تامل اور ہندی فلم انڈسٹری کے متعدد اداکاروں اور مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے فنی ورثے کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close