تیلگو فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار اور معروف سیاستدان کوٹا سرینواسا راؤ طویل علالت کے بعد 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کا انتقال اتوار کی صبح حیدرآباد کے فلم نگر علاقے میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔ وہ اپنی اہلیہ اور دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔
کوٹا سرینواسا راؤ گزشتہ کچھ عرصے سے عمر رسیدگی سے وابستہ مختلف بیماریوں کا شکار تھے۔ چند روز قبل پروڈیوسر بندلا گنیش نے ان کی ایک حالیہ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی، جس نے مداحوں کو افسردہ کر دیا تھا۔
ان کا فلمی کیریئر چار دہائیوں پر محیط رہا جس کے دوران انہوں نے 750 سے زائد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے تیلگو کے علاوہ تمل، ملیالم اور کنڑ زبانوں کی فلموں میں بھی کام کیا۔ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں پدما شری، نندی ایوارڈز سمیت کئی قومی اعزازات سے نوازا گیا۔ 2015 میں انہیں بھارتی سنیما میں ان کے نمایاں کردار پر پدما شری ایوارڈ دیا گیا۔
اداکاری کے ساتھ ساتھ وہ سیاست کے میدان میں بھی سرگرم رہے اور 1999 سے 2004 تک بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے وجئے واڑا ایسٹ حلقے کی نمائندگی کی۔
کوٹا سرینواسا راؤ کے انتقال پر آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے فلمی و سیاسی حلقوں میں گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے اور ان کی خدمات کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں