واٹس ایپ نے صارفین کے چیٹ تجربے کو مزید بہتر اور منظم بنانے کے لیے ایک نیا جدید فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
WaBetaInfo کی رپورٹ کے مطابق، میٹا کی زیرِ ملکیت اس مقبول میسجنگ ایپ میں اب صارفین کو یہ سہولت حاصل ہوگی کہ وہ کسی بھی پیغام پر تھریڈ فارمیٹ میں ریپلائی کر سکیں گے، بالکل ویسے ہی جیسے فیس بک یا ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کمنٹس کے جواب دیے جاتے ہیں۔
یہ نیا فیچر واٹس ایپ چیٹس کو زیادہ منظم اور آسان بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، کیونکہ موجودہ صورت میں میسجز پر کیے جانے والے ریپلائیز الگ الگ دکھائی دیتے ہیں، جس سے پرانی گفتگو تلاش کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
تھریڈ فیچر کے تحت، خاص طور پر گروپ چیٹس میں، کسی بھی میسج پر کیے گئے تمام جوابات اسی میسج کے نیچے ایک تسلسل کے ساتھ دکھائی دیں گے، جس سے گفتگو کا مطلب اور سیاق و سباق برقرار رہے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے بیٹا ورژنز میں جانچا جا رہا ہے۔
جب کوئی صارف کسی میسج پر ریپلائی کرے گا تو اصل پیغام کے ساتھ ایک چھوٹا آئیکون نمودار ہوگا، جس پر کلک کرنے سے متعلقہ تمام جوابات ایک ہی جگہ دیکھے جا سکیں گے۔ صارفین ان تھریڈز میں نئے ریپلائیز بھی شامل کر سکیں گے، یوں کسی مخصوص موضوع پر گفتگو ایک ہی تسلسل میں جاری رکھی جا سکے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں