تنخواہ دار طبقے کے لئے اچھی خبر

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی سہولت کے پیشِ نظر ٹیکس گوشواروں کو انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے، جس سے سب سے زیادہ فائدہ تنخواہ دار طبقے کو پہنچے گا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈیجیٹائزیشن، مصنوعی ذہانت، ٹیکس گوشواروں، اور ڈیجیٹل انوائسنگ سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکس گوشواروں کو آسان، مختصر اور اردو زبان میں پیش کرنا ایک خوش آئند قدم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس عمل میں معاونت کے لیے ہیلپ لائن قائم کی جائے اور ڈیجیٹل انوائسنگ کو بھی اردو زبان میں جاری کیا جائے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس اصلاحات میں عام شہری کی سہولت کو ترجیح دی جائے، اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کی تھرڈ پارٹی سے جانچ کروائی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ نئے گوشواروں کو مرکزی ڈیٹابیس سے منسلک کر دیا گیا ہے اور ان کا استعمال نہایت آسان بنایا گیا ہے، جس کا سب سے زیادہ فائدہ تنخواہ دار افراد کو ہوگا۔ وزیراعظم نے عوامی آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ نئے نظام کے تحت گوشوارے جمع کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات کے مثبت نتائج وزیر خزانہ، معاشی ٹیم اور ایف بی آر کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہیں۔ حکومت کی ترجیح ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا اور کم آمدنی والے افراد پر بوجھ کو کم کرنا ہے۔

وزیراعظم نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے ٹیکس اسسمنٹ سسٹم کے اطلاق کو ملکی تاریخ میں اہم کامیابی قرار دیا اور ایف بی آر کی کوششوں کو سراہا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ایف بی آر کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر ستمبر تک مکمل فعال ہو جائے گا، جس کے لیے بڈنگ کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔

مزید کہا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو ڈیجیٹل انوائسنگ میں شامل کرنے کے لیے خصوصی سہولیات دی جائیں گی۔ اجلاس میں احد خان چیمہ، عطا تارڑ، علی پرویز ملک، بلال اظہر کیانی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close