201 یونٹ پر بجلی بل ! صارفین کے لئے اہم خبر

کراچی : 201 یونٹ پر بجلی بلز میں اضافے کے خاتمے اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کی 6 ماہ کی مستقل سزا کے خاتمے کا مطالبہ سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق عوام پر نان پروٹیکٹڈ بجلی کیٹگری جیسی ظالمانہ پالیسی پر اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے اظہار تشویش کیا۔

اپوزیشن لیڈر نے 201 یونٹ پر بجلی بلز میں اضافے کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے نان پروٹیکٹڈ صارفین کی 6 ماہ کی مستقل سزا کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔

ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ 201 یونٹ پر 5 سے 7 ہزار روپے تک اضافی بلز دیناعوام دشمن پالیسی ہے، ایک یونٹ بڑھنے پر ہزاروں روپے کا فرق مزید غربت میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملک بھرکے متوسط اور نچلے طبقے کے صارفین بجلی کے ناجائز بلزتلے دب چکے ہیں، سمجھ نہیں آتا حکومت پاکستان عوام کو کس بات کی سزا دے رہی ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت اگر عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی تو کم از کم سزا بھی نہ دے، یہ پالیسی نہ صرف معاشی زیادتی بلکہ سماجی بےچینی کو بھی جنم دے رہی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ظالمانہ پالیسی کی وجہ سے عوام میں بے چینی اور شدید غصہ پایا جاتا ہے، متوسط طبقے کو مہنگی بجلی سے تحفظ دیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close