کراچی میں 5 منزلہ عمارت گر گئی، جانی نقصان ہو گیا

کراچی: لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گرگئی جس کے نتیجے میں اب تک 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

جیو نیوز کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی میں جمعہ کی صبح 5 منزلہ عمارت گرگئی جو مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے اور کئی زخمی ہیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ عمارت گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور 6 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے جب کہ 4 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ہیں، عمارت کے ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

ریسکیو کا بتانا ہےکہ عمارت میں 6 خاندان رہائش پزید تھے اور ملبے تلے دبے مزید لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہیوی مشینری سے ملبے کو ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ گرنے والی عمارت کے ساتھ جڑی 2 اور 7 منزلہ عمارت کو بھی خالی کروالیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق راستوں کی بندش کے باعث بھی ہیوی مشینری کے پہنچنے میں تاخیر ہوئی تاہم حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردی تھیں۔سول اسپتال ٹراما سینٹر حکام کا بتانا ہےکہ اسپتال میں لائی گئی ایک شدید زخمی خاتون کی عمر 40 سال ہے اور خاتون کو متعدد فریکچر اور زخم آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس،دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ حادثے متعلق فوری رپورٹ پیش کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حکام سے بوسیدہ عمارتوں کی فوری تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ خطرناک عمارتوں کی فوری نشاندہی کی جائے، غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں، انسانی جانوں کا تحفظ ترجیح ہے۔ گورنر سندھ نے بھی عمارت گرنے کے واقعےپر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close