غیر ملکیوں کے ساتھ کرایہ داروں گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن عرصہ قبل لازمی قرار دی جا چکی ہے تاہم کے پی حکومت نے اس حوالے سے اہم قدم اٹھایا ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں ایک اور پیش رفت کر لی اب کرایہ داروں گھریلو ملازمین اور غیر ملکیوں کی رجسٹریشن ڈیجیٹلائز ہوگی۔کے پی آئی ٹی بورڈ اور پولیس کے تحت عوامی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن کیلیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ اس میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور، کابینہ اراکین، چیف سیکریٹری ، آئی جی اور طلبا نے شرکت کی۔
اس موقع پر خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ اور محکمہ پولیس کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ اس کے تحت اب پولیس سرٹیفکیٹ، غیر ملکیوں، کرایہ داروں کی رجسٹریشن کو ڈیجیٹلائز کیا جائیگا۔ اس کے علاوہ گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، ریئل ٹائم ٹریفک انفارمیشن اور گمشدگی رپورٹ بھی ڈیجیٹلائز ہو گی۔تقریب میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے 2 نئے سٹیزن فیسیلی ٹیشن سینٹرز کا افتتاح کیا۔ یہ نئے فیسیلی ٹیشن سینٹرز ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ڈی آئی خان اور سوات میں قائم کیے گئے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی تمام محکموں میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل شروع کر دیا تھا۔ عوامی خدمات کے ساتھ اُن کے انتظامی امور کو بھی ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ صوبے میں سرکاری محکموں کی بیشتر خدمات آن لائن فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈیجیٹلائزیشن سےوسائل کی بچت اور لوگوں کو سہولت فراہم ہو رہی ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن کی بدولت ہی 250 ارب روپے کا اضافی ریونیو اکٹھا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس سروسز کی آٹومیشن صوبائی حکومت کا ایک انقلابی اقدام ہے اور خیبر پختونخوا پولیس سروسز کو ڈیجیٹلائز کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔علی امین گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ ہمارا صوبہ دہشت گردی کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے اور اس منصوبے کو صوبے کے تمام اضلاع تک توسیع دیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں