واٹس ایپ میں صارفین کی سہولت کے لیے ایک اور بڑا اضافہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ واٹس ایپ کی جانب سے ایک ایسے بہترین پرائیویسی فیچر کو متعارف کرایا گیا ہے جو آپ کو ضرور پسند آئے گا۔
میٹا کے زیرملکیت میسجنگ پلیٹ فارم کی جانب سے ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی نامی فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔اس فیچر کا مقصد چیٹس کی سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔اس فیچر کے ذریعے آپ دیگر افراد کو اپنی چیٹ ایکسپورٹ کرنے یا آپ کی جانب سے بھیجی گئی تصاویر اور ویڈیوز کو خودکار طور پر محفوظ کرنے سے روک سکتے ہیں۔اسی طرح اس فیچر سے آپ دوستوں کو میسجز میں میٹا اے آئی کو مینشن کرنے یا میٹا اے آئی سے سوالات پوچھنے سے بھی روک سکیں گے۔
اس نئی ایڈوانسڈ پرائیویسی سیٹنگ کا اطلاق ون آن ون اور گروپس چیٹس دونوں پر ہوگا۔جب اس سیٹنگ کو ٹرن آن کیا جائے گا تو ون آن ون چیٹ یا گروپ چیٹ میں کوئی بھی فرد پوری چیٹ ہسٹری کو واٹس ایپ سے باہر ایکسپورٹ نہیں کر سکے گا۔اسی طرح آپ کی جانب سے بھیجی گئی تصاویر اور ویڈیوز بھی خودکار طور پر دیگر افراد کی ڈیوائسز کی گیلریز میں محفوظ نہیں ہوں گی۔مگر صارفین اب بھی انفرادی میسجز کے اسکرین شاٹس لے کر انہیں محفوظ کرسکیں گے۔
البتہ واٹس ایپ کا کہنا تھا کہ بتدریج ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی کو مزید بہتر بنایا جائے گا تو یہ ممکن ہے کہ مستقبل قریب میں اسکرین شاٹس کو لینا ممکن نہیں ہوگا۔کمپنی کے مطابق یہ فیچر اس وقت مددگار ثابت ہوگا جب کسی واٹس ایپ گروپ میں شامل افراد ایک دوسرے سے واقف نہیں ہوں گے مگر حساس موضوعات پر بات چیت کریں گے۔فیچر کیسے استعمال کریں؟فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ بھی بہت آسان ہے۔اس کے لیے چیٹ اوپن کرکے اوپر موجود چیٹ نیم پر کلک کرکے ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی آپشن کا انتخاب کریں۔جب گروپ چیٹ میں اس سیٹنگ کو ان ایبل کیا جائے گا تو اس میں موجود ہر فرد کو نوٹیفکیشن بھیج کر ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی سیٹنگ کو آن کرنے کا بتایا جائے گا۔یہ فیچر آنے والے مہینوں میں بتدریج صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں