وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کااہم اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے گندم کے کاشتکا روں کے لیے پیکج کا اعلان کر دیا، گندم سپورٹ فنڈ کے تحت 15ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی، گندم کے کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے ڈائریکٹ فنانشل سپورٹ دی جائے گی۔ مریم نوازنے کاشتکاروں کے لئے ابیانہ اورفکس ٹیکس میں چھوٹ کا اعلان بھی کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گندم کے ساڑھے پانچ لاکھ کاشتکاروں کے لیے بڑے مالیاتی ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسان ہمارے بھائی ہیں اور ہم ہر دم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مریم نواز نے گندم سپورٹ فنڈ کے تحت 15 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو براہِ راست مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

کاشتکاروں کے لیے مزید سہولتوں کا اعلان کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ابیانہ اور فکس ٹیکس میں چھوٹ دی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، گندم کو موسمی اثرات سے بچانے کے لیے چار ماہ کی مفت اسٹوریج سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے الیکٹرانک وئیر ہاؤسنگ ریسیٹ سسٹم کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اب گندم سٹور کرنے والے کاشتکار کو الیکٹرانک رسید ملے گی، جسے وہ 24 گھنٹے کے اندر بینک میں جمع کرا کر 70 فیصد تک قرض حاصل کر سکیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ گندم اور اس سے تیار شدہ اشیاء کی ایکسپورٹ کے لیے وفاق سے رابطہ کیا جائے گا، جب کہ صوبائی اور ضلعی سرحدوں پر گندم اور آٹے کی نقل و حمل پر عائد پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نجی سیکٹر کو گندم اسٹوریج اور ویئر ہاؤسز کی بحالی اور تعمیر کے لیے پنجاب بینک فنانسنگ فراہم کرے گا، جب کہ حکومت پنجاب 5 ارب روپے کا مارک اپ خود ادا کرے گی۔مریم نوز نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر کاشتکار نے گندم لگائی ہے تو اسے مکمل معاوضہ ملے گا، کسان کا نقصان نہیں ہونے دوں گی۔

اس سے قبل وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ماحولیاتی تحفظ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں کہا کہ ماضی میں 4 سال حکومت کرنے والوں نے اپنے خزانے بھرے، آج کسی بھی کونے سے ڈیفالٹ کی آواز نہیں آ رہی۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ترسیلات زر کا ریکارڈ توڑ دیا، باقی صوبے بھی پنجاب کی کاپی کر رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close