کراچی(پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کی صوبائی قیادت نے وفاقی حکومت کے اقدامات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دریائے سندھ پر 6 کینالزکے منصوبے کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے اور 25 مارچ کو سندھ بھر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے وقار مہدی اور عاجز دھامرا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے متنازع 6 کینال منصوبے کے خلاف 25 مارچ کو سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور مظاہرے کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کینال منصوبے کے خلاف جلسے بھی کریں گے اور گلی گلی احتجاج کریں گے، متنازع کینال منصوبہ غیر قانونی منصوبہ ہے جس کو نہیں بننا چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 6 کینالزکے منصوبے کے خلاف تمام آئینی فورمز، ایوانوں اور سڑکوں پر جدوجہد کرے گی، کسی بھی آئینی فورم پر منظوری کے بنا چولستان کینال کی تعمیر کا کام شروع کراکے وفاقی حکومت نے آمریت کی یاد تازہ کردی ہے۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ ماضی میں آمر پرویز مشرف نے آئینی فورمز کی منظوری کے بغیر تھل کینال تعمیر کروایا اور اب مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت چولستان کینال سمیت 6 کینال منصوبے پر آمرانہ کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے چولستان کینال سمیت متنازع کینالوں کے لئے بجٹ میں رقم مختص کرکے غیر آئینی کام کیا ہے، 6 کینالزکے منصوبے کی کسی بھی آئینی فورم سے منظوری نہیں ہوئی تو پھر چولستان کینال کی تعمیر شروع کرنا اور رقم مختص کرنا وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کا غیر آئینی اقدام ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی دریائے سندھ پر کسی کو بھی کینال نکالنے نہیں دے گی، سندھ میں کینال منصوبے کے خلاف ہر مکتبہ فکر کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں، سندھ کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ آو¿ مل کر ان کینالز کے خلاف مشترکہ جدوجہد کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں