اسلام آباد(پی این آئی)وزیر داخلہ کا قومی سلامتی کے پارلیمانی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا انکشاف۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز پارلیمنٹ میں ہونے والے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں کئی اہم رہنماوں کی جانب سے شرکت نہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت پارلیمنٹ میں ہونے والے اجلاس میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اور اختر مینگل، محمود خان اچکزئی اور پی ٹی آئی رہنما بھی شریک نہ ہوئے۔بتایا گیا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی ان دنوں بیرون ملک ہیں، اسی لیے وہ اجلاس میں شریک نہ ہوئے۔ جبکہ نواز شریف کی اجلاس میں عدم شرکت کی وجہ سامنے نہ آ سکی۔ واضح رہے کہ ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ملکی سلامتی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی نے دہشتگردی کی حالیہ کاروائیوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔کمیٹی نے انسداد دہشتگردی آپریشن کے انعقاد میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے دہشتگردی کو اس کی تمام شکلوں میں ختم کرنے کیلئے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔کمیٹی نے ریاست کی پوری طاقت کے ساتھ اس خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے اسٹریٹجک اور ایک متفقہ سیاسی عزم پر زور دیتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں