کراچی (پی این آئی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رواں سال گندم نہ خریدنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال صوبہ سندھ گندم نہیں خریدے گا کیونکہ ہمارے پاس 1.3 ملین ٹن گندم موجود ہے.
کراچی میں سندھ حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ سال 12 مارچ کوکابینہ نے حلف اٹھایاتھا آج ایک سال مکمل ہوگیا ہے اس دوران سندھ حکومت نے مختلف منصوبوں پر کام کیا،کراچی میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، ہم نے کبھی دعویٰ نہیں کیا کہ یہ کام پہلی بار کررہے ہیں.
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق کام کررہی ہے، گورننس کو بہتر بنانے کی کوشش کی ہے، بہت سے عوامی منصوبے شروع کیے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بلاول بھٹو نے سندھ ہاری کارڈ کا اجرا کیا تھا، بےنظیر ہاری کارڈ کے ذریعے کسانوں کو سہولت دے رہے ہیں، پانی ذخیرہ کرنے کے لیے اقدامات ہماری ترجیحات میں شامل تھے.
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں تعلیم کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کررہے ہیں، صوبے میں نظم و نسق بہتر کرنے کی کوشش کی ہے وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت رواں سال گندم نہیں خریدے گی ہمارے پاس 1.3 ملین ٹن گندم موجود ہے انہوں نے کہاکہ ڈرونز کے ذریعے دیہات کی میپنگ کی جارہی ہے،سیلاب متاثر 120سڑکیں بھی بنا چکے، سندھ پولیس میں ایس فور پروجیکٹ کے ذریعے کیمرے لگائے.
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں