اسلام آباد (پی این آئی) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی معطلی ختم کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیفا نے پی ایف ایف کانگریس کی جانب سے آئینی ترامیم منظور ہونے کے بعد پاکستان کی معطلی ختم کی ہے۔پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے رکن شاہد کھوکھر نے معطلی ختم ہونے کی تصدیق کی ہے۔
شاہدکھوکھر کا کہنا ہےکہ پی ایف ایف کانگریس کے اجلاس میں آئینی ترامیم کی منظوری کے بعد معطلی ختم ہوئی، پاکستان فٹبال فیڈریشن کی مسلسل سپورٹ پر فیفا اور اے ایف سی کے شکرگزار ہیں۔خیال رہےکہ گزشتہ ماہ فیفا نے پی ایف ایف کانگریس کی جانب سے انتخابی اصلاحات کے لیے آئینی ترامیم منظور نہ ہونے پر پی ایف ایف کی رکنیت کو معطل کردیا تھا۔فیفا کا کہنا تھا کہ یہ معطلی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک پی ایف ایف کانگریس فیفا اور اے ایف سی کی جانب سے پیش کردہ آئینی ترامیم کی منظوری نہیں دے دیتی۔
اس سے قبل فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے پی ایف ایف کو اپنے آئین میں ترامیم کرنے کی سفارش کی تھی، خاص طور پر انتخابی عمل سے متعلق شقوں میں تبدیلی کا کہا گیا تھا۔ تاہم پی ایف ایف کی منتخب کانگریس نے ان ترامیم کو مسترد کر دیا جس کے نتیجے میں یہ معطلی عمل میں آئی۔تاہم جمعرات کو ہونے والے غیر معمولی اجلاس میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نو منتخب کانگریس نے فیفا کی مجوزہ آئینی ترامیم کو بھاری اکثریت سے تسلیم کرلیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں