موجودہ دورِ حکومت میں 20 لاکھ سے زائد افراد کے ملک چھوڑنے کا دعویٰ

پشاور(پی این آئی) صوبہ خیبرپختونخواہ کے مشیر خزانہ مزمل اسلم کی جانب سے موجودہ دورِ حکومت میں لاکھوں افراد کے ملک چھوڑنے کا دعویٰ سامنے آگیا۔

اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف حکومت میں ملک سے 20 لاکھ لوگ ہجرت کرچکے ہیں اور جب پڑھے لکھے تربیت یافتہ لوگ ملک چھوڑ چکے ہوں تو کیا خاک ترقی ہوگی، ترسیلات میں اضافہ ملک کی ترقی نہیں بلکہ پستی کی نشاندہی کر رہا ہے، رواں سال جنوری میں 63 ہزار افراد نوکری کیلئے ملک سے باہر گئے لیکن وزیراعظم اور وزرا شرمندہ ہونے کے بجائے بیروزگاری ختم ہونے کی مبارکباد دیتے تھکتے نہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ حکومت پاکستان نے وزیرِاعظم یوتھ لون پروگرام کے تحت بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو 10 لاکھ روپے تک کا قرض فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، یہ قرضہ بیرون ملک ملازمت کے متلاشی افراد کی تربیت، سفری ویزہ اور رہائشی اخراجات کے لیے دیا جائے گا، 21 سے 45 سال کی عمر کے پاکستانی شہری یہ قرض حاصل کرسکتے ہیں، جس کے لیے درخواست گزار کے پاس بیرون ملک ملازمت فراہم کرنے والی کمپنی کا تصدیق شدہ نوکری کا لیٹر موجود ہونا ضروری ہے، قرض حاصل کرنے کے لیے درخواست گزار کو یہ وضاحت بھی کرنی ہوگی کہ وہ یہ رقم کہاں اور کس مقصد کے لیے استعمال کرے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close