بھارت کی ریاست اتر پردیش میں شادی کے وقت دولہا کو نشے میں ہونا مہنگا پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دولہا نے نشے میں ہونے کی وجہ سے دلہن کے بجائے اس کی قریبی اور پکّی دوست کو ہار پہنا دیا۔اس موقع پر 21 سالہ دلہن رادھا دیوی نے دولہا کو تھپڑ مار کر شادی سے انکار کر دیا اور وہاں سے چلی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ سارا واقعہ ہفتے کو پیش آیا۔26 سالہ رویندر کمار نامی دولہا کی بارات پنڈال میں دیر سے پہنچی تھی۔دولہا مبینہ طور پر اپنی پسند کی لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا، وہ مبینہ طور پر نشے میں بھی تھا اور اس نے لڑکی کے گھر والوں کے ساتھ بدتمیزی بھی کی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دولہا نے ہار پہنانے کی تقریب سے قبل اپنے دوستوں کے ساتھ شراب پی تھی جس کی وجہ سے یہ سارا معاملہ پیش آیا جس کے بعد دلہن نے دولہا کو تھپڑ مارا اور شادی سے انکار کر کے وہاں سے چلی گئی۔اس سارے معاملے کے بعد دونوں خاندانوں کے درمیان تلخی پیدا ہوئی اور موقع پر ہی معاملات مزید خراب ہو گئے جس کے بعد دونوں خاندانوں نے ایک دوسرے پر کرسیاں بھی پھینکیں جس سے مزید جھگڑا شروع ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس سارے معاملے میں پولیس نے مداخلت کر کے صورتِ حال کو سنبھالا اور بارات کو واپس بھیجنا پڑا۔اطلاعات کے مطابق دولہا کے دوستوں نے غیر قانونی طور پر شراب خرید کر اسے دی تھی، پولیس نے اس معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔اس کیس کی درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق لڑکے والوں نے اضافی جہیز کا مطالبہ کیا تھا۔دلہن کے والد کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے شادی سے پہلے ڈھائی لاکھ روپے دیے تھے اور ہفتے کو مزید 2 لاکھ روپے دینے تھے لیکن یہ لڑکے والوں کے لیے کافی نہیں لگ رہے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں