معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک ایک بار پھر پاکستان کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان سے منصورہ میں ملاقات کی ہے۔
نجی سوشل میڈیا ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک منگل کی صبح لاہور ایئرپورٹ پر پہنچے جس کے بعد وہ منصورہ گئے اور حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔ منصورہ آمد پر مہمان کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کو جماعت اسلامی کی دینی خدمات، تعلیمی کاوشوں، فلاحی سرگرمیوں اور تحقیقاتی کاموں سے متعلق آگاہ کیا گیا جبکہ انہیں مختلف شعبوں کا دورہ بھی کرایا گیا۔
امیر جماعت اسلامی نے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہماری جماعت اتحاد امت کی داعی ہے اور اسلام کے آفاقی پہلووں، اخوت، امن، بھائی چارہ، احترام انسانیت کی علمبردار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کو تعلیم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں جدید دنیا کے مدمقابل لاکر پاکستان میں ترقی، امن اور خوشحالی کا انقلاب برپا کرنا چاہتی ہے تاکہ ملک حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بن سکے۔اس موقع پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ بہت عرصے سے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ آنے کی خواہش تھی، گزشتہ دورہ پاکستان کے موقع پر خواہش کے باوجود یہاں نہ آسکا۔انہوں نے جماعت اسلامی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات کی تعریف کی اور اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مزید کہاکہ امت مسلمہ کو مسائل سے نکلنے کے لئے قرآن و سنت پر عمل کرنا ہوگا۔ نوجوان نسل کو علم کے میدان میں آگے بڑھنے اور اتحاداور اخوت کا دامن تھامنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے گزشتہ برس بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس دوران انہوں نے مختلف اجتماعات سے خطاب کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں