سپر ہائی وے پر کاٹھوڑ پل کے قریب 2 ٹرکوں اور ایک کار کے درمیان خوفناک حادثے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے۔
ریسیکو ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے حکام کے مطابق، حیدرآباد سے کراچی آتے ہوئے ایک کار کاٹھور کے قریب خراب ہوگئی تھی، جس کے بعد مال بردار ٹرک سے مدد مانگی گئی۔
ٹرک نے رسا باندھ کر کار کو آگے لے جانے کی کوشش کی، لیکن رسا ٹائر میں پھنس گیا جس کے نتیجے میں گاڑی الٹ گئی اور پیچھے سے آنے والے ٹرک نے الٹنے والی کار اور بھینسوں کے ٹرک کو ٹکر مار دی۔
اس حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ چار افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے ٹول پلازہ کے قریب نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دو شدید زخمی افراد، 35 سالہ وقاص احمد اور 32 سالہ غلام حسین کو طبی امداد کے لیے ٹراما سینٹر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے کے دوران جانوروں کے مال بردار ٹرک میں موجود کئی بھینسوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے۔ دو افراد کو معمولی زخمی حالت میں ابتدائی طبی امداد دے کر گھر بھیج دیا گیا۔
ریسیکو اداروں نے جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں مکمل کر لی ہیں، اور پولیس حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں