اسلام آباد(پی این آئی) عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت تین فروری تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھی۔ملزمان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر اور ارشد تبریز کمرہ عدالت میں موجود تھے جبکہ پراسیکیوٹر عمیر مجید ملک، اور شہروز گیلانی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔علیمہ خان، عظمی خانم، نورین خانم، قاسم خان، اور نوشیروان خان بھی کمرہ عدالت میں آگئیں جبکہ شعیب شاہین ، گوہر علی خان، علی اعجاز بٹر، سردار قدیر، رائے سلمان، تابش فاروق، ابویر سلمان نیازی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
کمرہ عدالت میں موجود استغاثہ کے مزید گواہان نے اپنا بیان قلمبند کروایا۔توشہ خانہ ٹو کیس میں دفتر خارجہ کے گواہ عمر صدیق پر بشری بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے جرح مکمل کر لی۔توشہ خانہ ٹو کیس میں ایک اور گواہ محمد فہیم کا بیان قلمبند بھی کر لیا گیا۔توشہ خانہ ٹو کیس میں مجموعی طور پر آٹھ گواہوں کے بیان قلم بند جبکہ پانچ پر جرح مکمل ہو چکی ہے۔تین گواہوں پر بشری بی بی کے وکیل جرح مکمل کر چکے ہیں جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے جرح کرنی ہے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل کو حاضری یقینی بنانے اور گواہوں پر جرح مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
بعد ازاں عدالت نے توشہ خان ٹو کیس پر سماعت تین فروری تک ملتوی کردی۔قبل ازیں منگل کو جسٹس انعام این منہاس نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی تھی۔سماعت کے آغاز میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے کیس دوسرے بنچ کو منتقل کرنے کی استدعا کردی۔سلمان صفدر نے عدالت میں دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا، ’میں اپنے کلائنٹ کی ہدایات کے مطابق اپنی استدعا رکھتا ہوں۔یہ کیس اس ہائیکورٹ کے بہت سینئر جج پہلے ہی سُن چکے ہیں اور خاور مانیکا نے عِدت کیس میں بریت کے خلاف اپیل دائر کی تھی جس میں انہی گراؤنڈز پر کیس دوسرے بنچ کو منتقل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔‘
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں