ضلع کرم میں پہنچنے والی اشیائے خوردونوش مہنگے داموں فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق شہریوں کا کہنا ہے کہ پاراچنار میں ٹماٹر 700، گوبھی، ٹنڈا اور پیاز 500 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔اس کے علاوہ ہری مرچ 800 روپے فی کلو، چینی فی کلو 200 روپے، چائے 2200 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اپرکرم کے لئے کم از کم 500 ٹرکوں پر مشتمل قافلہ روانہ کیا جائے۔
سماجی رہنما نے مطالبہ کیا کہ ایک ہفتہ انتظار کے بعد صرف 25 ٹرک سامان لایا گیا، اس سے عوامی ضروریات پوری نہیں ہو سکتیں، ادویات کی فراہمی یقینی بنانے اور مریضوں کی شفٹنگ کے لئے ہیلی سروس دوبارہ شروع کی جائے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق راستے کھولنے اور قافلے چلانے کے لئے اقدامات جاری ہیں، گزشتہ روز بھی 25 ٹرک سامان لایا گیا تھا، جلد مزید ٹرک بھیجے جائیں گے، لوئر کرم مندوری دھرنے کے باعث آج بھی ٹل پاراچنار سڑک بند ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مندوری مظاہرین کے ساتھ ٹل کینٹ میں یا کوہاٹ میں ضلعی انتظامیہ سے دوبارہ مذاکرات کی توقع ہے۔واضح رہے کہ ضلع کرم میں تین ماہ سے راستوں کی بندش سے عوامی مشکلات برقرار ہیں، روزمرہ استعمال کی اشیا، ادویات، خورد و نوش کی کمی، پٹرول، گیس اور ادویات کی قلت سے لاکھوں لوگ پریشان ہیں۔
کرم میں ادویات ختم ہونے کے باعث میڈیکل سٹور اور پرائیویٹ ہسپتال بند ہیں، تاجروں نے بھی ہڑتال کر رکھی ہے جبکہ لوئرکرم کے علاقے مندوری میں جاری دھرنے کے باعث ٹل تا پاراچنار مرکزی شاہراہ بھی بدستور بند ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں