پی سی بی کو کروڑوں روپے کی آمدن ہونے کا امکان

نئی دہلی (پی این آئی) چیمپئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے اضافی معاوضے کی مد میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو 4.5 ملین ڈالر (تقریباً 38.2 کروڑ روپے) ملنے کی توقع ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر و کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے اپنے یوٹیوب چینل پر بتایا کہ ہائبرڈ ماڈل کے انتظام سے پی سی بی کو مالی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، آئی سی سی پاکستان کو غیر جانبدار مقامات پر میچز کے انعقاد کیلئے معاوضہ دے گا، جس میں اضافی اخراجات بھی شامل ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی سی سی پاکستان کو 4.5 ملین ڈالر اضافی فراہم کرے گا تاکہ ملک سے باہر بھارتی ٹیم کے میچز کی میزبانی کے اخراجات کو پورا کیا جاسکے۔

ایونٹ کے ہائبرڈ ماڈل پر ہونے سے پاکستان کا کوئی مالی نقصان نہیں ہوگا، درحقیقت اس بار پی سی بی زیادہ فائدہ حاصل کرے گا۔آکاش چوپڑا نے کہا کہ اگر بھارتی ٹیم دورہ پاکستان کیلئے جاتی تو وہ انکے لئے یادگار ہوتا کیونکہ میرا ذاتی تجربہ حیرت انگیز تھا، وہاں کے لوگوں نے ہمیں شاندار انداز میں خوش آمدید کہا، جو شاید میں کبھی نہیں بھول سکتا۔دوسری جانب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول منظر عام پر آگیا ہے، ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے ہوگا، افتتاحی مقابلہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 23 فروری کو نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا، فائنل 9 مارچ کو لاہور یا نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں