اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث مسافروں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر روکے جانے سے متعلق وضاحت آگئی۔
اس حوالے سے اپنے بیان میں ترجمان پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ سمیت ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر آپریشنز معمول کے مطابق جاری ہیں، اسلام آباد ایئر پورٹ پر بین الاقوامی مسافروں کے 72 گھنٹے کے قیام کی خبریں بے بنیاد ہیں، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافروں کے قیام سے متعلق خبر مکمل طور پر غلط ہے، فیک نیوز پھیلانے والے اکاؤنٹ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا، عوام الناس سے گزارش ہے خبروں کے صرف با اعتماد ذرائع پرانحصار کریں۔
دوسری طرف پاکستان ریلوے نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور، راولپنڈی اور پشاور کے درمیان تمام ٹرینیں فوری طور بند کردی ہیں، پشاور سے راولپنڈی، لاہور سے راولپنڈی اور ملتان و فیصل آباد سے راولپنڈی کے درمیان چلنے والی تمام ٹرینیں فوری طور پر بند کردی ہیں۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اتوار 24 نومبر کی تمام 25 ٹرینوں کی بک کی جانے والی ٹکٹیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں، اتوار کی تمام گاڑیوں کے مسافروں کو ٹکٹوں کے پیسے فوری واپس کرنے کا حکم دیا گیا ہے، مسافروں کو سٹیشن کے عارضی ٹکٹ گھر سے بکنگ کے پیسے واپس کیے جائیں گے، ریلوے سٹیشن پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، ریلوے سٹیشنوں پر مسافروں کا داخلہ مکمل بند کرکے سٹیشن سیل کردیئے گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں