یو اے ای جانے والے پاکستانیوں کیلئے اہم خبر آگئی

دبئی (پی این آئی) متحدہ عرب امارات میں قائم پاکستانی سفارتی مشنز نے یو اے ای میں مستقل سکونت رکھنے والے، ملازمت کی تلاش میں آنے والے یا وزٹ ویزا پر سیر و تفریح کے لیے آنے والے پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقامی قوانین اور قوائد سے اچھی طرح واقف ہوں۔

نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق دبئی میں متعین پاکستانی قونصل جنرل حسین محمد نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں ایک ویڈیو بھی اپ لوڈ کی گئی ہے جس کا بنیادی مقصد لوگوں کو مقامی قوانین اور قواعد و ضوابط سے آگاہ کرنا ہے۔لوگوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ مقامی قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے اور سزائے قید بھی سُنائی جاسکتی ہے۔ بعض صورت میں ڈی پورٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستانی اپنے یو اے ای ویزا کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارینرز افیئرز دبئی کے ذریعے تصدیق کرواسکتے ہیں۔ شارجہ، ابوظبی اور دیگر ریاستوں کے ویزا کی تصدیق فیڈرل اتھارٹی فار آئڈینٹٹی، سٹیزن شپ، کسٹمز اور پورٹی سیکیورٹی سے کرائی جاسکتی ہے۔ملازمت کے متلاشی افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ممکنہ آجروں کی سرکاری چینلز سے تصدیق کروائیں۔ کسی بھی غیر یقینی صورتِ حال میں وہ ابوظبی میں پاکستانی سفارت خانے یا دبئی میں پاکستانی قونصل خانے سے بھی تصدیق کرواسکتے ہیں۔لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کسی بھی جھگڑے، تنازع یا جرم کے ارتکاب کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو مطلع کریں۔ مقاماتِ کار میں قوانین کی خلاف ورزی کی رپورٹ انسانی وزارت کی وزارت کو دی جانی چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں